ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پپو یادو کو قتل کی دھمکی کی مبینہ آڈیو وائرل، ایم پی نے سیکیورٹی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا

پپو یادو کو قتل کی دھمکی کی مبینہ آڈیو وائرل، ایم پی نے سیکیورٹی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا

Mon, 28 Oct 2024 18:06:55  SO Admin   S.O. News Service

پٹنہ، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) حال ہی میں بہار کے آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے لارینس بشنوئی گینگ کے حوالے سے ایک بیان دیا تھا، جس کے بعد انہیں جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ اس سلسلے میں پپو یادو کو ملی دھمکی کی ایک مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس آڈیو میں دھمکی دینے والا شخص پپو یادو سے کہہ رہا ہے کہ کچھ اخبارات کے ذریعے یہ اطلاع ملی ہے کہ پپو یادو نے گزشتہ دنوں لارینس بشنوئی گینگ کے بارے میں غلط بیانی کی تھی۔

دھمکی دینے والے شخص نے پپو یادو کو واضح طور پر کہا کہ وہ اپنی حد میں رہ کر خاموشی سے سیاست پر توجہ دیں۔ زیادہ اِدھر اُدھر کی باتیں ٹی آر پی کمانے کے چکر میں نہ کریں، ورنہ بُرا انجام ہوگا۔

بتایا جاتا ہے کہ پپو یادو کے ذریعہ بشنوئی گینگ کے بارے میں بیان دیے جانے کے بعد اس کے ایک ممبر کی طرف سے پپو کو فون کیا گیا اور پھر ریکارڈنگ بھیجی گئی۔ ریکارڈنگ میں سنا جا سکتا ہے کہ دھمکی دینے والا شخص پہلے تو پپو یادو کو اچھا آدمی اور بڑا بھائی بتا رہا ہے، اس کے بعد وہ دھمکی دینے لگتا ہے۔ دھمکی دینے والے نے ان کی ریکی کی بھی بات کہی ہے اور بولا ہے کہ پورنیہ میں وہ اب کیسے نکلتے ہیں، دیکھ لیا جائے گا۔

دھمکی ملنے کے بعد ایم پی پپو یادو کا بھی رد عمل سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے ڈی جی پی سے زیڈ زمرے کی سیکوریٹی طلب کی ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو بھی ایک خط لکھ کر اپنی سیکوریٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے، نہیں تو کسی بھی وقت قتل کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پپو یادو نے کہا کہ سیکوریٹی نہیں بڑھائی گئی اور ان کے ساتھ کچھ بُرا ہوتا ہے تو اس کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومت ذمہ دار ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ پپو یادو نے بابا صدیقی کے قتل اور سلمان خان کو دھمکی ملنے کے بعد لارینس بشنوئی گینگ کو لے کر میڈیا کے سامنے بیان دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں وہ سلمان خان سے ملاقات کرنے ممبئی بھی گئے تھے لیکن یہ ممکن نہیں ہو سکا تھا۔


Share: